وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے تحت 111ڈیم منصوبوں پر کام جاری

17 فروری ، 2025

اسلام آباد (ساجد چوہدری )وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے تحت رواں مالی سال کے دوران 111ڈیم منصوبے تعمیر کئے جا رہے ہیں ، ان منصوبوں کی مجموعی لاگت 1140ارب روپے ہے ، یہ ڈیم ملک میں مجموعی طور پر 87لاکھ 77ہزار 228ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش فراہم کریں گے اور ساڑھے پانچ لاکھ ایکڑ نئی اراضی زیرکاشت آئیگی ، وزارت آبی وسائل کی دستاویز کے مطابق وفاقی حکومت رواں مالی کے دوران 32جبکہ صوبائی حکومتیں 79ڈیم تعمیر کر رہی ہیں ، وفاقی حکومت کے یہ ڈیم منصوبے مختلف مراحل میں ہیں ان منصوبوں کا تخمینی لاگت 1056اعشاریہ 985ارب روپے ہے ، مکمل ہونے پر یہ منصوبے تقریباً 84لاکھ 29ہزار 288ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش فراہم کرینگے اور 4لاکھ 36ہزار 932ایکڑ نئی اراضی کو سیراب کرینگے، صوبائی حکومتوں کی طرف سے 79ڈیم منصوبے تعمیر کئے جا رہے ہیں جن کی لاگت 83اعشاریہ 400ارب روپے لاگت ہے ، ان منصوبوں کی تکمیل سے تقریباً ساڑھے تین لاکھ ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہو گی اور ایک لاکھ 9ہزار 966ایکڑ نئی اراضی زیرکاشت آئے گی ۔