پنجاب میں سپر سیڈرز سے کسانوں کو کروڑوں کی بچت، زرعی انقلاب آگیا، وزیر اعلیٰ مریم نواز

17 فروری ، 2025

لاہور(خصوصی نمائندہ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے کہاکہ ایگریکلچر میکانائزیشن صرف آغاز ہے،سپر سیڈرز سےگندم کی بوائی پر 100 روپے فی ایکڑمزدوری کی مد میں بچت ،بیج کے استعمال میں 50 کلو سے 47 کلو فی ایکڑ کمی ہوئی ہے - زراعت میں مزید انقلابی اقدامات کریں گے- لیبر کاسٹ، وقت اور ایندھن کی بچت سے کسانوں کو بڑا ریلیف ملاہے ،ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا ہمارا مشن کسانوں کی خوشحالی، زراعت میں جدت اور ترقی اور پنجاب کو جدید زرعی ٹیکنالوجی کا مرکز بنا ہمارا عزم ہے ،وزیر اعلیٰ نے سپر سیڈرز سے گندم کی بوائی کے نتائج پر اطمینان کااظہار کیا ہے ،علاوہ ازیں ایک سٹڈی میں بتایا گیا ہےپنجاب میں سپر سیڈر ز کے استعمال سے سموگ میں کمی نوٹ کی گئی ،سپر سیڈرز کے استعمال سے ایک ہزار کاشتکاروں نے چند ماہ میں 57کروڑ 95لاکھ روپے کمالیے،330ٹن بیج کی بچت ہوئی ہے-روایتی طریقہ کار کے مقابلے میں 18لاکھ 70ہزار لیٹر ڈیزل کا کم استعمال ہواہے، 48کروڑ 62لاکھ روپے کی بچت ہوئی ہے- گندم کی بوائی پر فی ایکڑ3666روپے کی بچت ہوئی -7805 کسانوں نے 68,185 ایکڑ پر رینٹل سروس کے ذریعے سپر سیڈرز استعمال کیے- دریں اثناءوزیر اعلیٰ نے قلات میں لیویز چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے فائرنگ شہید لیویز اہلکار علی نواز کی لازوال قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا، شہید اہلکار کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا ،وزیر اعلیٰ نے ملتان ٹریفک حادثے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و الم اور سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا اور زخمیوں کو فوری بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے-