مصطفیٰ کی لاش کا پوسٹ مارٹم کرانے کا فیصلہ

17 فروری ، 2025

کراچی(مطلوب حسین/اسٹاف رپورٹر) ڈیفنس سے مغوی نوجوان مصطفیٰ عامر قتل سے متعلق تفتیشی حکام کاکہنا ہےکہ مصطفیٰ عامر کی موت کی حتمی وجہ جاننے کے لیے مصطفیٰ کی لاش کا پوسٹ مارٹم کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ مقتول کے آخری بار گھر سے نکلنے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی۔تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق23 سالہ مصطفیٰ کو اس کے دوست ارمغان نے شیراز کے ساتھ ملکر قتل کیسے کیا گیا اس حوالے سے پوسٹ مارٹم سے مدد ملے گی۔ یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ ملزمان نے پہلے آہنی راڈ ماری اور بعد میں فائرنگ کی، گرفتار مرکزی ملزم ارمغان کے بنگلے سےبرآمد اسلحے میں آلہ قتل کونسا تھا یہ پوسٹ مارٹم رپورٹ سے معلوم ہوسکے گا۔ پوسٹ مارٹم کے لئے قبر کشائی کی جائے گی جس کے لئے جوڈیشل مجسٹریٹ سے رجوع کیا جائے گا۔ لاش ملنے کے بعد مقدمے میں قتل کی دفعات شامل کردی گئی ہیں۔ تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ ارمغان اور شیراز کن راستوں سے ہوکر حب پہنچے روٹ میپ بھی تیار کرلیا گیا، گرفتار شریک ملزم شیراز کے بیان کے مطابق مصطفیٰ کو جھگڑے کے بعد قتل کیا گیا وجہ تنازع کیا تھا؟ اس کاتعین ہونا بھی باقی ہے جو ارمغان سے تفتیشکے بعد ہی معلوم ہوگا۔