PTI کی کشمیر کے حوالے سے قرارداد پیش کرنے کے موقع پر بھی کورم کی نشاندہی

19 فروری ، 2025

اسلام آباد ( رانا غلام قادر ) قومی اسمبلی کے اجلاس میں منگل کے رو زبھی پی ٹی آئی نے کشمیر کے حوالے سے قرار داد پیش کرنے کے موقع پر بھی کورم کی نشاندہی کردی۔قومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی سپیکر سید غلام مصطفی شاہ کی زیرصدارت شروع ہوا۔ کارروائی کے آ غاز میں ڈپٹی سپیکر نے وزیر امور کشمیر امیر مقام کو فلور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پانچ فروری کو یوم یکجہتی کشمیر منایاگیا تھا،وہ اس حوالے سے قومی اسمبلی میں قرار داد پیش کرنا چاہتے ہیں،جونہی انہوں نے قرار داد پڑھنا شروع کی تو پی ٹی آئی کے ممبران نے حسب روا یت احتجاج شروع کردیا،وفاقی وزیر امور کشمیر امیر مقام نے ان سے درخواست بھی کی کہ میں کشمیر پر قرارداد پیش کر رہا ہوں لیکن پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی اقبال آ فریدی باز نہ آئے اور انہوں نے اصرار کیا کہ وہ کورم کی نشاندہی کرتے ہیں، کورم پورا نہیں۔