مصروف ترین شاہراہ جہانگیر روڈ ایک بار پھر ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگئی

13 مارچ ، 2025

کراچی(اسٹاف رپورٹر) شہر کی معروف ترین شاہراہ جہانگیر روڈ ایک بار پھر ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگئی ہے کے ڈی اے نے یہ سڑک طویل عرصے تک بد حالی کا شکار رہنے کے بعد ایک سال قبل ہی تعمیر کی تھی مگر اس وقت سیوریج کا پانی اس سڑک کا مقدر بنا ہوا ہے،لیاقت آباد سے گرومندر جانے والا ٹریک کئی جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگیاہےجس کی وجہ سے ٹریفک روانی بری طرح متاثر دکھائی دے رہی ہے، افطار کے بعد اس سڑک پر اسٹریٹ لائٹ کی بندش سے لوٹ مار کا خطرہ بھی رہتا ہے، شہریوں کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک میں ٹوٹ پھوٹ کے باعث ٹریفک جام کی وجہ سے انہیں دفاتر سے گھروں کی واپسی میں سخت اذیت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، محکمہ بلدیات سندھ اور مئیر کراچی اس جانب توجہ دیں تاکہ شہریوں کی پریشانی کا خاتمہ ہوسکے۔