اللہ کا شکر ہے ہم بڑے نقصان سے بچ گئے, وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ

13 مارچ ، 2025

اسلام آباد(طاہر خلیل ) وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں آپریشن منطقی انجام کو پہنچا، پاک فوج، ایف سی، ایس ایس جی اور ایئر فورس نے مہارت سے اس آپریشن کو مکمل کیا،33 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا گیا،ٹرین میں 440 افراد سوار تھے، ،فورسز نے دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلہ کیا اور یرغمال مسافروں کو بازیاب کرا کے محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا، اللہ کا شکر ہے ہم بڑے نقصان سے بچ گئے،جعفر ایکسپریس کے سانحے کے حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپریشن شروع ہونے سے پہلے 21 جانوں کا نقصان ہوا، پاک فوج کے 4 جوان شہید ہوئے،انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا کی طرف سے بہت افسوسناک پروپیگنڈا کیا گیا اورکچھ سیاسی عناصر نے اس افسوسناک واقعے کو اپنی سیاست چمکانے کیلئے استعمال کیا، اس سانحہ پر جو سیاست کھیلی گئی اس کی مذمت کرتے ہیں، انڈین میڈیا، بی ایل اے اور پی ٹی آئی اس واقعے پر ایک زبان بول رہے تھے،کاش یہ اس آپریشن کے حوالے سے مصدقہ معلومات پر بات کرتے، انہوں نے کہا کہ جھوٹا بیانیہ بنانے پر تحریک انصاف کو شرمسار ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے کامیاب آپریشن پر سیکورٹی فورسز کی صلاحیتوں کی تعریف کی ہے، وزیراعظم ، حکومت پاکستان، افواج پاکستان، چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر کا دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کا عزم غیرمتزلزل ہے۔عطاتارڑ کا کہنا تھا کہ بی ایل اے کے دہشتگردوں نے اپنے آپ کو ایکسپوز کیا، ان کی سازش ناکام ہوئی۔