معاشی استحکام کا حصول پہلا زینہ، ترقی کا سفر اب شروع ہوا ہے،زیراعظم

13 مارچ ، 2025

اسلام آباد( نیوز رپورٹر) وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ معاشی استحکام کا حصول پہلا زینہ ہے، ملکی ترقی کا سفر اب شروع ہوا ،معیشت کی ترقی کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہے،تاجر برادری حکومت کے ٹیکس ریونیو میں اضافے کیلئے سسٹم میں اصلاحات پر اپنی تجاویز دے،کاروباری برادری کے مسائل کا حل اولین ترجیح ہے،حکومت آپکا بھرپور ساتھ دے گی،،پاکستانی کاروباری برادری نے مشکل معاشی حالات کے باوجود صنعت و تجارت کا سلسلہ جاری رکھا،حکومت کاروباری برادری کی سہولت کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھا رہی ہے،ایف بی آر کی ڈیجیٹائیزیشن اور دیگر اصلاحات کی بدولت کاروباری برادری کو سہولت فراہم کر رہے ہیں،فیس لیس کلیئرئنس سسٹم سے بندرگاہوں پر کنٹینرز کی کلیئرنس کے وقت میں خاطر خواہ کمی آئی ۔ وزیر اعظم نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز پاکستان کے مختلف چیمبرز آف کامرس کے صدور سے ملاقات کے دوران کیا۔ وفد کے ممبران نے کہا کہ وزیرِ اعظم کی قیادت میں ملک معاشی استحکام کے بعد ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے، کاروباری برادری کے مسائل کے حل کیلئے پہلی مرتبہ حکومتی سطح پر سنجیدگی کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے، کاروباری برادری کو مشاورتی عمل بالخصوص بجٹ کے مشاورتی عمل میں شامل کرنا خوش آئند ہے، اس پر وزیرِ اعظم کے مشکور ہیں، ملاقات میں وفاقی وزراء رانا تنویر حسین، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، عطاء اللہ تارڑ، حنیف عباسی، اویس لغاری، شزہ فاطمہ ، علی پرویز ملک، وزیرِ مملکت بلال اظہر ، معاون خصوصی ہارون اختر، وزیرِ اعظم کے کوارڈینیٹر رانا احسان افضل اور متعلقہ اعلی حکام موجود تھے، اجلاس میں چیمبرز آف کامرس کے صدور نے مسائل کے حل کیلئے تجاویز پیش کیں،زیرِ اعظم نے متعلقہ وزارتوں اور سیکریٹریز کو چیمبرز کے مشاورت کے بعد انکی تجاویز پر مبنی پالیسی اقدامات کا لائحہ عمل پیش کرنے کی ہدایت کی۔