بھارتی میڈیا نے پرانی تصاویر،جعلی اور مصنوعی ذہانت سے بنی ویڈیوز کا سہارا لیا

13 مارچ ، 2025

اسلام آباد (فاروق اقدس) بلوچستان میں جعفر ایکسپریس پر ہونے والے دہشتگرد حملے کے بعدبھارتی میڈیا اور مخصوص سوشل میڈیا اکاؤنٹس سفید جھوٹ اور بے بنیاد پروپیگنڈا پھیلانے میں مصروف ہوگئے۔ گزشتہ حملے کے بعد پاکستان دشمن عناصر سوشل میڈیا پر گمراہ کن اور جھوٹا پروپیگنڈا پھیلانے میں مصروف ہیں، بھارتی ذرائع ابلاغ اور سوشل میڈیا ایکٹویسٹز نے کالعدم دہشتگرد تنظیم بی ایل اے اور را کے پیغامات کو سوشل میڈیا پر پھیلانے کی کوشش کی، بھارتی ٹی وی چینلز نے جعلی ویڈیوز، پرانی تصاویر اور اے آئی سے بنی ویڈیوز کا سہارا لیا تاکہ غلط معلومات اور پروپیگنڈا پھیلایا جا سکے، جھوٹے پروپیگنڈے میں بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ساتھ مخصوص سیاسی جماعت کے اکاؤنٹس بھی شامل ہیں، جو ریسکیو آپریشن میں افواجِ پاکستان کیخلاف زہر اُگلنے میں مصروف ہیں، حملے کی جعلی ویڈیوز بھی بھارتی اور پی ٹی آئی سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شیئر کی گئیں، جن میں ایک ویڈیو 2022 کی ایک فلم کی تھی۔ دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ جعفرایکسپریس پرحملے کی خبر سب سے پہلے کالعدم تنظیم بی ایل اے کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے بریک ہوئی، جسے بھارتی اور پی ٹی آئی اکاؤنٹس نے فوراً پھیلایا،مخصوص سیاسی جماعت کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے جھوٹے پروپیگنڈے کی عبارت بی ایل اے اور را کے آلہ کار لکھ رہے ہیں۔ دفاعی ماہرین کے مطابق پاکستان مخالف طاغوتی قوتیں غیر ملکی آقاؤں کے ہاتھوں استعمال ہو کر ملک کے خلاف منفی پروپیگنڈا کرکے اپنے ہی ملک کی منفی تصویر کشی کر رہی ہیں۔