وزارت آئی ٹی سے طویل عرصہ سے زیر التوا عدالتی مقدمات کی تفصیلات طلب

13 مارچ ، 2025

اسلام آباد (ساجد چوہدری )وفاقی حکومت نے وزارت آئی ٹی و ٹیلی کام سے طویل عرصہ سے زیر التوا عدالتی مقدمات کی تفصیلات مانگ لی ہیں حکومت نے ملکی معیشت کی بہتری پراثرات والے مقدمات اور قانونی ٹیموں کی بھی تفصیلات مانگ لی ، ذرائع کے مطابق ایسے مقدمات کی تفصیلات مانگی گئی ہے جن کے ملکی معیشت کی بہتری پر گہرے اثرات ہو سکتے ہیں ، ذرائع کے مطابق کابینہ ڈویژن نے وزارت کو کیسز کے عنوانات، مالیاتی اثرات، قانونی چارہ جوئی کی مدت اور حکومت کی نمائندگی کرنے والی قانونی ٹیموں کی تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے، ذرائع نے بتایا کہ یہ اقدام وفاقی وزارتوں کو متاثر کرنے والے ہائی اسٹیک کیسز کو حل کرنے کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہے، حکومت ماضی کی قانونی حکمت عملیوں کا جائزہ لے رہی ہے اور قانونی چارہ جوئی کو تیز کرنے کیلئے اسی طرح کے مقدمات کو یکجا کرنے پر غور کر رہی ہے، ذرائع کے مطابق وزارت آئی ٹی اور ٹیلی کام سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنی قانونی ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لے اور جاری مقدمات میں ہونے والے اخراجات کی رپورٹ بھی تیار کرے، حکومت کا مقصد مؤثر قانونی نمائندگی کو یقینی بنانا اور مالی ذمہ داریوں کو کم کرنا ہے، وزارت کی رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد ایک حتمی پالیسی مرتب کی جائے گی، جس میں اٹارنی جنرل آفس اور وزارت قانون و انصاف کیسز کو تیزی سے حل کرنے کی حکمت عملی کی قیادت کریں گے۔