اقوام متحدہ ، پاکستان کے مستقل مندوب 80سال کی عمر میں سبکدوش ،عاصم افتخار نئے مستقل مندوب

13 مارچ ، 2025

اسلام آباد (فاروق اقدس) اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب کی حیثیت سے کم و بیش دو دہائیوں تک فرائض انجام دینے والے وزارت خارجہ کے سینئر ترین ڈپلومیٹ منیر اکرم 80سال کی عمر میں اپنی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہوگئے، ان کی جگہ فرانس میں پاکستان کے سفیر عاصم افتخار جنہیں حال ہی میں 22گریڈ میں ترقی ملی ہے آئندہ ماہ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے، یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ اس عرصے میں مدت ملازمت پوری ہونے کے بعد انہیں ایک سے زیادہ مرتبہ توسیع دی گئی طویل عرصہ بعد فارن سروس کے کوئی سرونگ افسر اقوام متحدہ میں مستقل مندوب ہونگے، منیر اکرم نے اقوام متحدہ میں اعلیٰ ترین خدمات انجام دینے کے ساتھ ساتھ طویل ترین دورانیے میں ایک ہی عہدے پر رہنے کا ریکارڈ بھی قائم کیا ، ان کا یہ حوالہ بھی منفرد اور یاد گار رہے گا کہ انہوں نے اقوام متحدہ میں مستقل مندوب کی حیثیت سے سابق صدور جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف ، آصف علی زرداری (دونوں ادوار میں) اور عارف علوی جبکہ وزیراعظم شہباز شریف، شوکت عزیز، چوہدری شجاعت حسین (نگران) میر ظفر اللہ خان جمالی ، انوارالحق کاکڑ (نگران) اور عمران خان کے ادوار میں فرائض انجام دیئے، تاہم اس دوران ڈاکٹر ملیحہ لودھی ، حسین ہارون اور مسعود خان سیاسی تقرریوں کے حیثیت سے اقوام متحدہ کے مستقل مندوب کی حیثیت سے معینہ متعدد فرائض انجام دیتے رہے، منیر اکرم نے ریٹائرمنٹ کے بعد 2005میں دوبارہ ذمہ داریاں سنبھالیں جبکہ دوسری بار ان کی ملازمت میں سیاسی بنیادوں پر توسیع سابق وزیراعظم عمران خان کے دور میں ہوئی اور وہ 2019سے 2025تک 7سال سے متواتر اور بلا تعطل کے فرائض انجام دے رہے تھے۔ اب 31 مارح 2025ء ان کی ذمہ داریوں کا آخری دن ہو گا اس دوران وہ الوداعی ملاقاتیں کرینگے۔