پنجاب میں ایک لاکھ ہنرمند افراد کیلئے ملازمتیں، بیرون ملک بھجوائیں گے، وزیر اعلیٰ مریم نواز

13 مارچ ، 2025

لاہور(خصوصی نمائندہ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو ترقی کے سفر میں شامل کرنے کے لئے ٹریننگ اور جاب مارکیٹ مہیا کریں گے۔ ہنر مند نوجوانوں کا ہاتھ تھام کر ہی خوشحالی کے راستے پر چلنا ممکن ہوگا۔ ہنر مند نوجوان پاکستان کا آج اور کل ہیں۔ وزیراعلیٰ کی زیر صدارت پنجاب سکل ڈویلپمنٹ اینڈ انٹرپرینیور شپ ڈیپارٹمنٹ کے پہلے اجلاس میں ایک لاکھ ہنر مند نوجوانوں کی ٹریننگ اور جاب پلیس منٹ کا ٹارگٹ دے دیا۔ وزیراعلیٰ نے ہنر مند افرادی قوت بیرون ملک بھیجنے کے لئے جامع پلان طلب کر لیا اور انھیں ترجیحی بنیادوں پر کاروبار کارڈ اور کاروبارفنانس لون دینے کی ہدایت کی۔ دوردراز علاقوں کے نوجوانوں کے لئے سکلز آن ویل پراجیکٹ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ پلگ اینڈ پلے کال سنٹرز اور دیگر پروگرام کی منظوری دی گئی ۔ 6 ہفتے کی کال سنٹر ٹریننگ کے بعد نوجوان کم از کم ایک لاکھ روپے ماہانہ کی جاب حاصل کر سکیں گے ۔ سیکرٹری پنجاب سکل ڈویلپمنٹ اینڈ انٹر پرینیورشپ ڈیپارٹمنٹ نادر چٹھہ نے بریفنگ میں بتایا کہ سکل ڈویلپمنٹ کے تمام اداروں کو ایک ہی ڈیپارٹمنٹ کے ماتحت کر دیا گیا، 4 ہزار نوجوانوں کی انٹرنیشنل آئی ٹی سرٹیفکیشن مکمل کر لی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے انٹرنیشنل سرٹیفکیشن کورس کی تعداد 10ہزار کرنے کی ہدایت کی۔ ”مراکی“ پراجیکٹ متعارف کرانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ برطانوی ادارے سی ٹی ایچ کے اشتراک سے 6 ماہ کی فری ہاسپٹلٹی ٹریننگ کرائی جائے گی۔ بڑے ہوٹلز میں جاب پلیس منٹ کا اہتمام بھی کیا جائے گا ۔