حسن ابدال اور فتح جنگ روٹس پرالیکٹرک بسیں چلیں گی، گورنر پنجاب

14 مارچ ، 2025

اسلام آباد( نیو زرپورٹر) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کی خصوصی کاوشوں سے حسن ابدال اور فتح جنگ کے روٹس پر بھی الیکٹرک بسیں چلیں گی۔ یہ فیصلہ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی ملاقات میں کیا گیا۔ سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ صوبے کی ترقی اور بہتری کے لیے گورنر پنجاب اور وزیر اعلی پنجاب ایک پیج پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور ن لیگ دو مختلف جماعتیں ہیں، مگر ملک اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے۔ حسن ابدال اور فتح جنگ کے لوگ آرام دہ اور جدید سفری سہولیات سے مستفید ہوسکیں گے۔ پنجاب حکومت کا پسماندہ علاقوں میں الیکٹریکل بسیں چلانا قابل تعریف ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ پورے پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھانا اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک ترقی کی طرف گامزن ہے۔