ازبکستان سے تجارتی حجم 2 ارب ڈالر تک بڑھانے کیلئے روڈ میپ تیار کریں ،شہباز شریف

14 مارچ ، 2025

اسلام آباد ( نیوز رپورٹر) وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان تجارتی حجم 2 ارب ڈالر تک بڑھانے کیلئے روڈ میپ تیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ وزیراعظم سے ازبکستان کے سفیر علی شیر تختائف نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی اور بتایا کہ صدر مرزیوف رواں برس کے آخر میں پاکستان کا دورہ کرینگے ، وزیر اعظم نے ازبک سفیر کے ذریعے صدر ازبکستان شوکت مرزیوف کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور گزشتہ ماہ تاشقند کے دورے کے دوران ان کے اور پاکستانی وفد کی مہمان نوازی کیلئے تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔انہوں نے اپنے دورے کے دوران دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات پر ہونے والی شاندار پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا، وزیراعظم نے کہا کہ تاشقند سے واپسی پر انہوں نے متعلقہ شعبوں کے وزراءکو ذمہ داری سونپی ہے کہ وہ دورے کے دوران ہوئے فیصلوں پر فوری عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے خاص طور پر کان کنی اور معدنیات، ریلوے (بشمول ٹرانس افغان ریلوے پروجیکٹ)،خصوصی اقتصادی زونز، بینکنگ، سیاحت، ثقافت اور قابل تجدید توانائی میں ازبکستان کے ساتھ تعاون بڑھانے میں پاکستان کی دلچسپی پر روشنی ڈالی، ازبک سفیر نے وزیر اعظم کی نیک خواہشات پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ صدر شوکت مرزیوف پاکستان کے ساتھ ازبکستان کے تعلقات کو مضبوط بنانے اور دونوں ممالک کے درمیان بہترین سیاسی تعلقات کو باہمی طور پر مفید اقتصادی تعلقات میں تبدیل کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ صدر مرزیوف نے رواں برس کے آخر میں پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی وزیر اعظم کی دعوت قبول کر لی ، جس کیلئے تاریخوں کے تعین پر فریقین کے درمیان بات چیت جاری ہے۔