بھارت پاکستان میں دہشتگردی کے واقعات میں ملوث ہے، دفتر خارجہ

14 مارچ ، 2025

اسلام آباد (فاروق اقدس) وزارت خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے جمعرات کو اپنی ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ بھارت پاکستان میں دہشتگردی کے واقعات میں ملوث ہے،جعفر ایکسپریس پرحملے میں ملوث دہشت گرد افغانستان میں ماسٹر مائنڈ سے رابطے میں تھے ،معاملہ ابھی سفارتی سطح پر نہیں اٹھایا،طورخم بارڈر افغانستان کی وجہ سے بند ہے، جعفر ایکسپریس پر دہشت گردوں کے حملے میں ملوث لوگ ملک کے باہر سے آپریٹ کر رہے تھے۔ دہشت گرد افغانستان میں ماسٹر مائنڈ سے رابطے میں تھے۔ اس کے بارے میں بھی بات کی جائے گی۔‘ ابھی ریسکیو آپریشن کا پہلا مرحلہ مکمل ہوا ہے۔ سکیورٹی فورسز نے تمام 33 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ افغانستان کے ساتھ معاملہ ابھی سفارتی سطح پر نہیں اٹھایا، ہم مرحلہ وار آگے بڑھیں گے۔ ابھی یہ نہیں کہہ سکتے کہ اس بارے میں سفارتی سطح پر کیا اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث رہا ہے، لیکن ابھی ہمارے پاس شواہد ہیں کہ افغانستان سے کالز ٹریس کی گئی ہیں۔ ماضی میں ہم افغان حکومت کے ساتھ ثبوت شیئر کرتے رہے ہیں۔ پاکستان افغانستان سے کہتا ہے کہ دہشت گردی کے لیے اپنی زمین کا استعمال نہ کرے۔‘ ترجمان کا کہنا تھا طورخم بارڈر افغانستان کی وجہ سے بند ہے جبکہ پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے کہ یہ پاکستان کی وجہ سے بند ہے۔ افغانستان کے ساتھ ہماری بنیاد ایک دوستانہ تعلقات استوار کرنا ہے۔ ان کے ساتھ سفارتی چینل کھلے ہیں، بات چیت چلتی رہتی ہے۔پاکستان اس سے قبل بھی کہتا رہا ہے کہ عسکریت پسند افغانستان کی سرزمین پاکستان پر حملوں کے لیے استعمال کر رہے ہیں، انہوں نے کہا چین پاکستان کا ایک معتبر دوست اور سرمایہ کاری کا شراکت دار ہے، اس لیے سی پیک کو ہدف بنایا جاتا ہے، ہم نے کئی دوست ممالک کا نوٹس لیا ہے جنہوں نے اس سنگین دہشت گرد حملے کی یکسر مذمت کی ہے، پاکستانیوں کے امریکہ میں داخلے پر پابندی کو ’افواہ‘ قرار دیتے ہوئےانہوں نے کہا کہ ’ہمارا سفارت خانہ امریکی حکام سے رابطے میں ہے اور فی الحال ایسی کوئی اطلاعات نہیں۔‘ ترکمانستان سے امریکہ سفر کرنے والے پاکستانی سفیر احسن واگن وزٹ ویزہ پر سفر کر رہے تھے۔ اس ویزہ پر انہیں سفارتی استثنیٰ حاصل نہیں تھا۔ امریکی امیگریشن نے انہیں کس وجہ سے ڈی پورٹ کیا وجہ معلوم نہیں ہوئی۔ وزیراعظم اور نائب وزیراعظم نے اس پر تحقیقات کا حکم دیا ہے اور ابھی اس پر اتنی ہی تفصیلات ہیں۔‘ ترجمان کا کہنا تھا کہ امدادی کام روکنا اسرائیل کے غیر انسانی و غیر قانونی رویے کی انتہا ہے۔ ہمارا واضح موقف ہے کہ خطے میں پائیدار امن دو ریاستی حل میں ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ’بارسلونا میں گرفتار پاکستانیوں کے فون سے قابلِ اعتراض مواد ملا تھا۔ پہلے پتہ چلا کہ 14 گرفتار ہوئے ہیں، بعد میں پتہ چلا کہ 10 گرفتار ہوئے ہیں۔ چار لوگوں کو تفتیش کے بعد چھوڑ دیا گیا ایک خاتون کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔