دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سب کو یکجا ہونا چاہیے ،شیر افضل مروت

16 مارچ ، 2025

اسلام آباد(جنگ رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سب کو یکجا ہونا چاہیے اورتمام فریقین کو اکٹھا بیٹھنا چاہیے ، انہوں نے ان خیالات کا اظہار ہفتہ کے روز جوڈیشل کمپلیکس میں صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے کیا،انہوں نے پارٹی سے نکالے جانے اور ایم این اے کے پارٹی ٹکٹ کی واپسی سے متعلق سوال کے جواب میں کہاکہ جب وقت آیا تو دیکھا جائے گا، دہشتگردی کے واقعات کی روک تھام کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز(فریقین ) کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، ملک میں کوئی بھی واقعہ رونما ہوجائے تو سارا ملبہ پی ٹی آئی پر ڈال دیا جاتا ہے، پی ٹی آئی خود ریاست کا ایک حصہ ہے،پی ٹی آئی کے پیچھے پاکستان کے عوام ہیں، پاکستان کے عوام کو اعتماد میں لینا ہوگا،جب پی ٹی آئی کو مذاکرات میں بٹھائیں گے تو اس کا مطلب یہ ہوگا کہ پاکستان کے شہریوں کومشاورت کے اس عمل میں شامل کیا گیا ہے۔