اسلاموفوبیا کیخلاف عالمی جنگ میں پاکستان ایک اہم قوت رہا ہے،اسحٰق ڈار

16 مارچ ، 2025

اسلام آباد(صباح نیوز)نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان تمام مذاہب اور ثقافتوں کے درمیان رواداری، ہم آہنگی اور باہمی احترام کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کرتا ہے،اسلاموفوبیا کے خلاف عالمی جنگ میں پاکستان ایک اہم قوت رہا ہے ، اسلامو فوبک بیان بازی، نفرت انگیز تقاریر اور مسلم کمیونٹیز، مساجد اور مقدس نشانات پر حملوں کے بڑھتے ہوئے واقعات انتہائی پریشان کن اور مکمل طور پر ناقابل قبول ہیں، جس کے لیے فوری اور مضبوط عالمی ردعمل کی ضرورت ہے۔اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے عالمی دن کے موقع پرترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ آج اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے عالمی دن کے موقع پر پاکستان تمام مذاہب اور ثقافتوں کے درمیان رواداری، ہم آہنگی اور باہمی احترام کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔ اسلامو فوبک بیان بازی، نفرت انگیز تقاریر اور مسلم کمیونٹیز، مساجد اور مقدس نشانات پر حملوں کے بڑھتے ہوئے واقعات انتہائی پریشان کن اور مکمل طور پر ناقابل قبول ہیں، جس کے لیے فوری اور مضبوط عالمی ردعمل کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ قرآن پاک کی بے حرمتی اور دنیا بھر میں مسلمانوں کی مسلسل پسماندگی نہ صرف اسلامی اقدار پر حملہ ہے بلکہ بنیادی انسانی حقوق اور مذہبی آزادی کے اصولوں کی سنگین خلاف ورزیاں بھی ہیں۔محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ اسلاموفوبیا کے خلاف عالمی جنگ میں پاکستان ایک اہم قوت رہا ہے۔ اسلامی تعاون تنظیم (OIC) کے ساتھ مل کر پاکستان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی (UNGA) کے 15 مارچ کو اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے عالمی دن کے طور پر نامزد کرنے کے تاریخی فیصلے میں اہم کردار ادا کیا۔