جیلوں کی سیکورٹی کیلئے 15کروڑ 67 لاکھ کا اسلحہ خریدنے کی منظوری

16 مارچ ، 2025

لاہور(آصف محمود بٹ ) پنجاب حکومت نے صوبے بھر کی جیلوں سیکورٹی اپ گریڈ کرنے اور آپریشنل استعداد کار بڑھانے کے لئے15کروڑ 67 لاکھ کا اسلحہ خریدنے کی منظوری دے دی ہے۔ یہ اسلحہ جس میں5ہزار لانگ اور شارٹ رینج آنسو گیس شیل بھی ہیں پاکستان آرڈنینس فیکٹری واہ کینٹ اور ڈیفنس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (DESTO) اسلام آباد سے خریدا جائیگا۔’’جنگ‘‘ کوملنے والی دستاویزات کے مطابق پنجاب کابینہ کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے لاء اینڈ آرڈر کی منظوری کے بعد خریدے جانے والے اسلحہ میں 50رائفلزG3A3(سنگینوں کے ساتھ) مالیت 96لاکھ 53ہزار200،(مالیت 75لاکھ97ہزار150)، ایس ایم جی اور G3رائفلز کی 3لاکھ 30ہزار گولیاں (مالیت13کروڑ 44لاکھ81ہزار بمعہ ٹیکس) اور 5ہزار لانگ اور شارٹ رینج آنسو گیس شیلز (مالیت 2کروڑ 22لاکھ44ہزار) شامل ہیں ۔ محکمہ جیل خانہ جات کو اسلحہ کی خریدکے لئے یہ فنڈز محکمہ داخلہ کی بلاک ایلوکیشن جو کہ لاء اینڈ آرڈر کے حوالے سے ایمرجنسی ضروریات پوری کرنے کے لئے مختص ہے میں سے بطور ٹیکنیکل سپلمنٹری گرانٹ کے طور پر دیئے گئے ہیں۔ پنجاب کی جیلوں کی سیکورٹی اور آپریشنل استعداد کار کے لئے گزشتہ کئی سالوں سے اسلحہ نہیں خریدا گیا تھا اور نہ ہی محکمہ جیل خانہ جات کے پاس اس کے فنڈز موجود تھے۔ آئی جی جیل خانہ جات نے محکمہ داخلہ پنجاب سے خصوصی درخواست کی تھی کہ جیلوں میں سیکورٹی اپ گریڈیشن کے لئے فوری طور پر اسلحہ فراہم کیا جائے جس کے بعد یہ معاملہ منظوری کے لئے کیبنٹ کمیٹی برائے لاء اینڈ آرڈر کی میٹنگ میں رکھا گیا۔ کابینہ کمیٹی نے محکمہ خزانہ کو یہ فنڈز جاری کرنے کے لئے احکامات جاری کر دیئے ہیں ۔