پاک بحریہ کی دوسری ہنگور کلاس آبدوز پی این ایس شوشک کی چین میں لانچنگ تقریب

16 مارچ ، 2025

راولپنڈی، لاہور ( حنیف خالد/ صابر اعوان) چین میں پاک بحریہ کی دوسری ہنگور کلاس آبدوز پی این ایس شوشک (SHUSHUK)کی لانچنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔وائس چیف آف دی نیول اسٹاف وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے انہوں نے کہا کہ معاہدے کے تحت 4 آبدوزیں چین میں اور 4 کراچی شپ یارڈ میں تعمیر کی جائینگی۔لانچنگ تقریب میں پاکستان اور چین کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی نے میری ٹائم سیکیورٹی کی اہمیت، قومی مفادات کے تحفظ اور سازگار بحری ماحول کے لئے پاک بحریہ کے کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے چینی صدر کے دورہ پاکستان کے دوران چین کے ساتھ 8 ہنگور کلاس آبدوزوں کے حصول کے معاہدے پر دستخط کئے تھے۔ معاہدے کے تحت 4 آبدوزیں چین میں اور 4 کراچی شپ یارڈ میں ٹرانسفر آف ٹیکنالوجی کے تحت تعمیر کی جائیں گی۔