گلوکارہ نصیبو لال پرشوہر کاتشدد، اینٹ اٹھاکر چہرے پر دے ماری، ناک بھی زخمی

16 مارچ ، 2025

لاہور،فیروزوالہ( جنگ نیوز،نامہ نگار) معروف گلوکارہ نصیبو لال کے شوہر نویدحسین کا نصیبو لال پرتشدد، اینٹ مار کر چہرہ اور ناک زخمی کر دیا۔ نصیبو لال نے شوہر نوید حسین کے خلاف تشدد اور مار پیٹ کا مقدمہ لاہور کے تھانہ شاہدرہ ٹاؤن میں درج کرادیا۔ بعد ازاں نصیبو لال اور انکے شوہر کے درمیان صلح ہوگئی۔ایف آئی آر کے مطابق گلوکارہ کے شوہر نوید نے گھر آکر تشدد کا نشانہ بنایا،زدوکوب،گالم گلوچ کیا اور اینٹ کے وار کرکے چہرے کی بائیں جانب اور ناک پر چوٹیں پہنچائیں۔ گلوکارہ کے بھائی شاہد لال کا کہنا ہے کہ بہنوئی غصے کا تیز ہے، جسے سمجھا بجھا کر معاملہ حل کرلیا ہے۔ بہن اور بہنوئی کے درمیان اکثر چھوٹے موٹے جھگڑے ہوجاتے ہیں لیکن اس مرتبہ ہاتھا پائی کی وجہ سے ایف آئی آر درج کروانے کی نوبت آئی۔دونوں کے درمیان صلح ہوگئی ہے اور بہنوئی نے آئندہ ایسا نہ کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔دوسری جانب گلوکارہ نصیبو لال نے شوہر نوید حسین کے خلاف مقدمہ واپس لینے کی تصدیق کی اور کہا کہ شوہر کے خلاف مقدمہ واپس لے لیاہے۔