تمام وسائل پر قابض سندھ حکومت نچلی سطح پر اختیارات دینے کو تیار نہیں، حافظ نعیم

16 مارچ ، 2025

لاہور (نیوزرپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نےکہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت نے اٹھارہویں ترمیم کے ذریعے تمام اختیارات و وسائل پر قبضہ تو کرلیا لیکن نچلی سطح پر اختیارات اور وسائل دینے کیلئے تیار نہیں۔ کچرا اٹھانے کا انتظام بھی پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت نے اپنے قبضے میں کرلیا ہے۔ برسوں کے تباہ حال شہر کے عوام چاہتے تھے کہ اب کراچی کے مسائل حل ہوں اور منصوبے مکمل ہوں لیکن بد قسمتی سے اسٹیبلشمنٹ کا سہارالیکر پیپلز پارٹی نے میئرشپ پر قبضہ کرلیا۔ جماعت اسلامی کے ٹاؤنز و یوسی چیئر مینز اپنی مدد آپ کے تحت کراچی میں عوام کیلئے ریلیف کے کام کررہے ہیں۔ جماعت اسلامی کراچی کے عوام کیساتھ ہےاور ان کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز جماعت اسلامی کراچی کے ضلع کورنگی لانڈھی نمبر 4 میں عوامی دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئےکیا۔