سولر پر گراس میٹرنگ اور سیلز ٹیکس سے مشکلات بڑھیں گی، مفتاح اسماعیل

16 مارچ ، 2025

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو نیوز کے پروگرام ”نیا پاکستان“ میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کرتے ہوئے سیکریٹری جنرل عوام پاکستان پارٹی ڈاکٹر مفتاح اسماعیل نے کہا کہ گرڈ کے نقصانات کم کرنے کے بجائے مزید بجلی گھر لگا دیے گئے، مہنگی بجلی کی وجہ سے عوام سولر پر جا رہے ہیں مگر حکومت نے سولر پر گراس میٹرنگ اور سیلز ٹیکس لگا دیا ہے جس سے مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا۔ سنیئر صحافی شہباز رانا نے آئی ایم ایف سے جاری مذاکرات کے حوالے سے کہا کہ آئی ایم ایف سے مذاکرات، پاکستان کو مزیدکام کرنا ہوگا، مذاکرات مکمل کامیاب ہونے کی صورت میں اسٹاف لیول ایگریمنٹ آتا ہے اگر کچھ چیزوں مین دونوں پارٹیوں کا اتفاق رائے نہ ہو تو پھر نارمل اسٹیٹمنٹ آتی ہے اور اسٹاف لیول ایگریمنٹ کا ذکر نہیں ہوتا اور پاکستان کے کیس میں یہی ہوا ہے لیکن جو آئی ایم ایف کی لینگویج اور انداز ہے وہ کافی مثبت ہے لیکن اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ سب کچھ ٹھیک ہے۔ میزبان شہزاد اقبال نے پروگرام کے اگلے مرحلے میں کہا کہ سولر پالیسی میں تبدیلی کے باعث عوامی خدشات میں اضافہ ہو رہا ہے پالیسیوں میں بار بار تبدیلی معمول بن گئی ہے۔