سیاسی ، معاشی، آئینی ایشوز کو ایڈریس کیے بغیر بلوچستان کا مسئلہ حل نہیں ہوگا، تجزیہ کار

16 مارچ ، 2025

کراچی (ٹی وی رپورٹ) سنیئر صحافی و تجزیہ کار سید علی شاہ نے کہامیں سمجھتا ہوں اسلام آباد بلوچستان کو سیکورٹی لینس سے دیکھتا ہے جبکہ بلوچستان کا مسئلہ انتظامی معاملات سے آگے کا ہے یعنی سیاسی ، معاشی اور آئینی ایشوز کو ایڈریس نہیں کیا جائے گا تو مسئلے حل نہیں ہوسکتے،جبکہ پاکستان انسٹیٹیوٹ فار پیس اسڈیز (پی آئی پی ایس) کے سربراہ محمد عامر رانانے کہا ہے کہ دو چیزیں پر ہمیشہ بلوچوں کو شدید تحفظات رہے ہیں ایک چیک پوسٹوں پر دوسرا شفاف الیکشن پر اسکے بعد وہ وسائل کی تقسیم پر بات کرتے ہیں چیک پوسٹوں کے معاملے کو کافی حد تک حل کرنے کی کوشش کی گئی ہے لیکن ابھی تک پوری طرح حل نہیں ہوا ہے لیکن عام آدمی پر ان تمام چیزوں کے بہت منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام ’’جرگہ‘‘ میں میزبان سلیم صافی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سنیئر صحافی سید علی شاہ نے کہا کہ ماضی میں ہمیشہ بی ایل اے گیس تنصیبات ریلوے ٹریک اور سیکورٹی فورسز وغیرہ پر حملے کرتے رہے ہیں۔حالیہ جعفر ایکسپریس حملے کو بی ایل اے نے ہی تسلیم کیا ہے۔ بلوچستان پر بات نہیں کی جاتی جب کوئی بڑا واقعہ ہوجائے تو وقتی طور پر گفتگو کی جاتی ہے۔ چار پانچ مختلف تنظیمیں یہاں پر کافی عرصے سے ایکٹو ہیں ۔ میں جب گھر سے نکلتا ہوں تو ہر سات آٹھ منٹ پر مجھے روک کر پوچھا جاتا ہے کہ کہاں سے آرہا ہوں یہ بہت بڑا مسئلہ ہے۔