آئی بی اے میں غیر اخلاقی محفل کیخلاف طلباء تنظیموں کے مظاہرے

29 مارچ ، 2022

کراچی(اسٹاف رپورٹر) آئی بی اے (انسٹیٹیوٹ بزنس ایڈمنسٹریشن) کراچی میں جامعہ کراچی کی مختلف طلبہ تنظیموں کے تحت آئی بی اے جامعہ کراچی کیمپس میں غیر اخلاقی محفل منعقد کرنے کے خلاف احتجاج کیا گیا احتجاج کرنے والوں میں اسلامی جمعیت طلبہ، آئی ایس او، پی ایس ایف اور پی ایس اے کے طلبہ بھی شامل تھے۔ اس موقع پر آئی بی اے کے مرکزی دروازے کو بند کرکے ادارے کے طلبہ کو اندر کی جانب بھیج دیا گیا تھا جبکہ پولیس اور رینجرز اہلکار امن و امان برقرار رکھنے کے لیے آئی بی اے کے اندر و باہر تعینات کردیے گئے۔ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے طلبہ رہنمائوں نے انتظامیہ سے معاملے کا سنجیدگی سے نوٹس لینے اور وہاں پھیلنے والی بے حیائی اور اس حوالے سے منعقدہ محافل کو فوری روکنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس معاملے کی تحقیقات سامنے لائیں۔ علاوہ ازیں طلبہ نے اس واقعہ کا ذمے دار آئی بی اے انتظامیہ کو ٹہراتے ہوئے ان کے خلاف نعرے بازی بھی کی ۔ دوسری جانب انجمن اساتذہ جامعہ کراچی نے بھی اس معاملے پر احتجاج اور اس کی فوری تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا ہے۔