کھلے عام اسمگل شدہ اشیا کی فروخت سے قومی خزانے کو بھاری نقصان

04 اپریل ، 2025

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)صوبائی دارالحکومت کی مارکیٹوں میں اسمگل شدہ اشیا کی فروخت کا سلسلہ بدستور جاری،متعلقہ حکام خاموش،رپورٹ کے مطابق کوئٹہ کی مارکیٹوں میں اسمگل شدہ اشیا جن میں سگریٹ،الیکٹرانک اشیا، ٹائلز، خوردنی اشیا، کمبل،قالین،پلاسٹک سے بنی اشیا سمیت دیگر کی فروخت کا سلسلہ جاری ہے ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ اشیا پرکسی قسم کی ڈیوٹی جمع نہیں کرائی جاتی اور یہ تمام اشیا اسمگلنگ کے ذریعے شہر کی مارکیٹوں میں لائی جاتی اور فروخت کی جاتی ہیں اور اس مد میں کسی قسم کا کوئی ٹیکس جمع نہیں کیا جاتا اس سلسلے میں ایف بی آر کے سینئر حکام نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ اسمگلنگ کے ناسور کی روک تھام کے لئے بھرپور اقدامات کئے جارہے ہیں اور اس ضمن میں کسی قسم کی کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی ، انہوں نے بتایا کہ ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹ سروے کرتی ہیں اور دکانداروں سے انواسئز طلب کرتی ہیں تفصیلات فراہم نہ کرنے والوں کا سامان ضبط کرلیاجاتا ہے انہوں نے کہا کہ قومی خزانہ کو نقصان پہنچانےوالوں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔