سندھ میں چاول کی مجموعی کاشت میں شکارپور ضلع کا حصہ 15 فیصد

03 دسمبر ، 2021

اسلام آباد (اے پی پی)سندھ میں چاول کی مجموعی کاشت میں شکارپور ضلع کا حصہ 15 فیصد ہے۔ یورپی یونین کی سروے رپورٹ کے مطابق شکار پور میں چاول کا زیر کاشت رقبہ ایک لاکھ 17 ہزار 264 ہیکٹر ہے جبکہ صوبہ سندھ میں چاول کازیر کاشت مجموعی رقبہ 7 لاکھ 50 ہزار 529 ہیکٹر ہے۔ اس طرح سندھ میں چاول کے زیر کاشت رقبہ کا 15 فیصد حصہ ضلع شکار پور میں کاشت کیا جاتا ہے۔ اقتصادی تجزیہ کار محمد حسین خان نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ یورپی یونین کی جانب سے 2018 میں کئے گئے سروے کے مطابق سندھ میں بھینسوں کی مجموعی تعداد میں شکار پور کا حصہ 1.8 فیصد جبکہ گائے پالنے کا حصہ 2.18 فیصد ہے۔ اسی طرح بھیڑوں کی مجموعی صوبائی تعداد میں ضلع کا حصہ 0.70 فیصد اوربکریوں میں 1.21 فیصد ہے۔ انہوں نے کہاکہ ضلع شکار پور میں متنوع کاشتکاری کے وسیع امکانات موجود ہیں اور تیلدار اجناس کی کاشت اور پیداوار کے حوالہ سے تحقیق، ترقی اور مارکیٹنگ کے مسائل کاخاتمہ کیا جائے تو اس سےضلع شکار پور میں تیل دار اجناس کی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ سے خوردنی تیل کے قومی درآمدی بل میں نمایاں کمی کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔