مقبوضہ کشمیر، پہلگام میں سیاحوں پر فائرنگ، غیرملکیوں سمیت 27 افراد ہلاک، بھارتی وزیر داخلہ مقبوضہ وادی پہنچ گئے

23 اپریل ، 2025

کراچی (نیوز ڈیسک) مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں سیاحوں پر مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں 2غیر ملکیوں سمیت کم از کم 27افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے، بھارتی میڈیا کےمطابق واقعہ پہلگام کے دور دراز پہاڑی علاقے میں سیاحتی مقام پر پیش آیا جہاں گھوڑوں کے ذریعے یا پیدل آمد ورفت ممکن ہے، واقعے کے بعد مقامی مسلمانوں نے زخمیوں کو اسپتالوں میں منتقل کرنے میں مدد فراہم کی جبکہ بھارتی حکومت کی جانب سے ہیلی کاپٹرزبھی بھیجے گئے ، انڈین اخبار نے ایک سینئر پولیس افسر کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا کہ حملہ سڑک سے دور گھاس کے میدان میں ہوا اور اس میں دو یا تین مشتبہ افراد ملوث تھے۔انڈین میڈیا کے مطابق واقعے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔بھارتی وزیر داخلہ امت شاہ مودی کی ہدایت پر مقبوضہ وادی پہنچ گئے ہیں ، حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق اور مقبوضہ کشمیر کی سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے سمیت کئی رہنماؤں نے حملے کی مذمت کی ہے ،میر واعظ نے ایک بیان میں کہا کہ کسی ایک بے گناہ انسان کا قتل پوری انسانیت کا قتل ہے، یہ مقبوضہ کشمیر کی تاریخ میں ایک اورخونی دن ہے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نےبھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو فون کرکے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں مکمل تعاون کا اعادہ کیا ہے، اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے بھارت کیساتھ اظہار یکجہتی کیا،بھارت کے دورے پر موجود امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے بھی حملے کی شدید مذمت کرتےہوئے متاثرہ خاندانوں کیساتھ اظہار تعزیت کیا ہے،سعودی عرب کےدورے پر موجود بھارتی وزیراعظم نریند مودی نے کہا ہے کہ اس واقعے کے ذمہ داران کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، انہوں نے ایکس پر اپنے پیغام میں لکھا کہ ’دہشت گردی سے لڑنے کا ہمارا عزم غیر متزلزل ہے اور یہ اور بھی مضبوط ہو گا۔انڈین اخبار کے مطابق نریندر مودی اپنا دورہ سعودی عرب مختصر کرکے منگل کی رات وطن واپس روانہ ہوگئے۔