پی ٹی آئی سے باضابطہ سیاسی اتحاد نہیں ہو رہاہے، جے یو آئی سینیٹر

23 اپریل ، 2025

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ʼʼکیپٹل ٹاکʼʼ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کے ساتھ بات چیت جاری ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ اتفاق رائے کے ساتھ معاملہ آگے بڑھایا جائے۔ شرجیل میمن سے رابطہ ہوا جو حوصلہ افزا رہا۔ جے یو آئی کے دھرنے سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے، ان سے سڑک کھولنے کی درخواست کی گئی ہے۔صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے کہا کہ احتجاج سب کا حق ہے مگر سڑکیں بند نہ کی جائیں۔ کراچی کا نظام متاثر ہو چکا ہے۔ پیپلز پارٹی نے منصوبے پر تحریری اعتراض جون میں جمع کرا دیا تھا جبکہ دیگر جماعتیں بعد میں جاگیں۔ انہوں نے مسلم لیگ ن کے کچھ لیڈران کے بیانات کو غیر سنجیدہ قرار دیا ۔کینالز کا کام ابھی شروع نہیں ہوا مگر کچھ عناصر عوام کو گمراہ کر رہے ہیں۔سینیٹر کامران مرتضیٰ نے مطالبہ کیا کہ پنجاب کے اضافی پانی کی وضاحت کی جائے۔ جے یو آئی کا احتجاج پرامن ہے کامران مرتضیٰ نے کہا کہ پی ٹی آئی سے باضابطہ اتحاد نہیں ہو رہاہے ۔انہوں نے واضح کیا کہ جے یو آئی نے پہلے ہی طے کیا تھا کہ تحریک انصاف یا جے یو آئی ف اپنے طور پر حکومت یا اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات نہیں کرے گی۔ میزبان حامد میر نے اپنے تجزیئے میں کہا کہ سینیٹ اجلاس میں چھ نئی نہروں کے معاملے پر شدید ہنگامہ ہوا، اجلاس ملتوی کرنا پڑا۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے واضح کیا کہ کسی صورت یہ نہریں تعمیر نہیں ہونے دیں گے۔