پہلگام حملہ، بھارتی الزامات مسترد، مختلف طبقات کا شدید ردعمل

23 اپریل ، 2025

اسلام آباد (فاروق اقدس/خصوصی رپورٹ) پہلگام، مقبوضہ کشمیر میں سیاحوں پر حملے، بھارت کی جانب سے پاکستان پر لگائے گئے الزامات پر مختلف طبقات کا شدید ردعمل سامنے آرہا ہے،سابق سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی کا کہنا ہے کہ اس فالس فلیگ آپریشن کا مقصد جدوجہد کشمیر کو بدنام کرنا ہے، حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال کا کہنا ہے کہ اس حملے میں بھارتی ایجنسیاں ملوث ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں انڈین فالس فلیگ آپریشن سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا ہے، پاکستانی سوشل میڈیا صارفین ہندوستانی میڈیا کے جھوٹے پروپیگنڈا کو بے نقاب کر رہے ہیں، جس میں فالس فلیگ آپریشن کا مقصد جدوجہد کشمیر کو بدنام کرنا ہے، فالس فلیگ آپریشن کی مذمت کرتے ہیں، یہ بھی کہا جارہا ہے کہ بھارت غیرملکی سربراہان اور اعلیٰ شخصیات کے دوروں کے دوران اس طرح کے ہتھکنڈے استعمال کرتا آیا ہے، فالس فلیگ آپریشن کی آڑ میں کشمیریوں کے گھروں پر چھاپے مارے جاتے ہیں۔