مودی کی محمد بن سلمان سے ملاقات سعودی کمپنیوں کو سرمایہ کاری کی پیشکش

23 اپریل ، 2025

جدہ/کراچی (شاہد نعیم،نیوز ڈیسک) بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی نے دورہ سعودی عرب کے موقع پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی ، انہوں نے سعودی کمپنیوں کو بھارت میں سرمایہ کاری کی پیشکش کی ہے۔ بھارتی وزیرِ اعظم منگل کے روز سعودی عرب پہنچے تھے، انہوں نے انٹرویو میں کہا کہ محمد بن سلمان دو طرفہ تعلقات کے مضبوط حامی ہیں۔ نریندی مودی نے کہا کہ سعودی کمپنیاں انفرا اسٹرکچر، لاجسٹکس، قابل تجدید توانائی، صحت، اسٹارٹ اپس اور بلیو اکانومی میں سرمایہ کاری کرسکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں سعودی عرب مضبوط اور قابل اعتماد شراکت دار ہے۔ ریفائنری اور پیٹرو کیمیکل منصوبوں میں مشترکہ سرمایہ کاری پر بھی غور کر رہے ہیں، 2030ء تک ہمارا ہدف 500 گیگا واٹ قابل تجدید توانائی حاصل کرنا ہے۔