جعلی ڈرائیونگ لائسنس پر سعودیہ ملازمت کیلئے جانیوالے 2 مسافر گرفتار

23 اپریل ، 2025

کراچی( افضل ندیم ڈوگر) کراچی سے ورک ویزوں پر ملازمت کیلئے سعودیہ جاتے ہوئے ڈرائیونگ لائسنس جعلی ہونے پر 2مسافروں کو آف لوڈ کرکے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ مسافروں نے ایچ ٹی وی لائسنس ایجنٹوں کے ذریعے چھ سے سات لاکھ روپے میں بنوائے۔ امیگریشن ذرائع کے مطابق مسافر محمد شہباز اور محمد عمر ڈرائیورز کے ورک ویزوں پر سعودیہ جا رہے تھے، کراچی ایئرپورٹ پر امیگریشن کے دوران دونوں کے ایل ٹی وی/ ایچ ٹی وی ڈرائیونگ لائسنس جعلی نکلے جو سندھ پولیس کی ڈرائیونگ لائسنس کلفٹن برانچ سے جاری شدہ ظاہر کیے گئے تھے۔ حکام کے مطابق پوچھ گچھ کے دوران پتہ چلا کہ دونوں مسافر ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کیلئے کبھی بھی ڈرائیونگ لائسنس برانچ نہیں گئے۔ ریکارڈ چیک کرنے پر لائسنس جعلی نکلے۔