حکومت کو آئین وقوانین تبدیل کرنیکا حق حاصل نہیں،پشتونخوامیپ

24 اپریل ، 2025

کوئٹہ ( پ ر)پشتونخوامیپ کے رہنمائوں نے کہاہے کہ آزادی صحافت پر قدغن کا فارم 47کی حکومت کو جواب دینا ہوگا ، 26ویں آئینی ترمیم اور پیکا ایکٹ کا سیاہ قانون اُن پارٹیوں کی مرہون منت ہے جو خود جمہور کی حکمرانی کے سلوگن پر سیاست کرتی رہی ہیں ، فارم 47کے جعلی مینڈیٹ کے پارلیمنٹ کو ملکی آئین وقوانین بنانے ،تبدیل کرنے کا آئینی وقانونی حق حاصل نہیں اور نہ ہی ملک کے عوام اور اقوام ان کے ناروا ترامیم وغیر قانونی اقدامات وپالیسیوں کو تسلیم کرینگے، SIFCکا قیام دراصل عوام کے وسائل پر ہاتھ صاف کرنا ہے ،آئی ایم ایف کے قرضوں کی وصولی ہمارے عوام سے کیسے کی جاسکتی ہے جبکہ یہاں ترقی کی ایک اینٹ تک نہیں رکھی گئی ، آئی ایم ایف کے قرضے سے ہمارے وطن میں کوئی ترقی نہیں ہوئی بلکہ ہم صرف اس قرضے کی ادائیگیوں ، مہنگائی ، بیروزگاری کے اثرات سے متاثر ہوئے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار پشتونخوامیپ کے رہنماؤں نے پارٹی کے اجلاس سے خطاب میں کیا ۔ پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ سے مربوط تحصیل سٹی کا اجلاس تحصیل سیکرٹری منان نصرت کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس میں پارٹی کے تنظیمی سیاسی امور ، کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور 26اپریل کو کوئٹہ کے احتجاجی مظاہرے کے حوالے سے آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا گیا ۔ اجلاس میں سٹی تحصیل کی سطح پر پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے کو مضبوط وفعال بنانے پر زور دیا گیا اور تنظیمی امور میں غفلت برتنے پر تادیبی کارروائیوں کا فیصلہ کیا گیا ۔ پارٹی ڈسپلن پر ہر صورت عملدرآمد پارٹی کے کارکن کا فریضہ قرار دیا گیا۔ اجلاس میں پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال ،مرکزی سیکرٹری عبدالحق ابدال ، صوبائی صدر عبدالقہار خان ودان، صوبائی جنرل سیکرٹری کبیر افغان، صوبائی ڈپٹی سیکرٹریز منان خان بڑیچ، صورت خان کاکڑ، منان خان بڑیچ، ملک عمر کاکڑ، حبیب الرحمنٰ بازئی ، حفیظ خان ترین ، اقبال خان بٹے زئی ،ضلع سینئر معاون سیکرٹری سعید خان کاکڑ، ولی بریالی ، نصیر احمد کاکڑ،ضلع ایگزیکٹیوز وضلع کمیٹی کے ارکان نے شرکت کی ۔