پولیو ٹیم پر حملہ اور2اہلکاروں کی شہادت قابل مذمت ہے‘نیشنل پارٹی

24 اپریل ، 2025

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء اور بلوچستان اسمبلی میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر میر رحمت صالح بلوچ نے مستونگ میں انسداد پولیو مہم کی سیکورٹی پر مامور لیویز اہلکاروں پر دہشت گرد حملے اور اس میں دو اہلکاروں کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاہےکہ پولیو جیسی خطرناک بیماری کے خاتمے کے لئے کام کرنے والی ٹیموں اور ان کی حفاظت پر ماموراہلکاروں کو نشانہ بنانا انسانیت دشمنی اور بزدلی کی انتہا ہے، ایسے حملے صوبے میں جاری صحت عامہ کی کوششوں کو شدید نقصان پہنچاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہید اہلکار ہمارے ہیرو ہیں جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر فرض کی ادائیگی کی اعلیٰ مثال قائم کی۔ نیشنل پارٹی شہداء کے اہل خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے اور ان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔انہوں نے حکومت بلوچستان سے مطالبہ کیا کہ ملوث عناصر کو فوری گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے انسداد پولیو ٹیموں کو فول پروف سیکورٹی فراہم کی جائے۔