ٹیرف ، ٹرمپ نے گھٹنے ٹیک دئیے، چین پر عائد 145 فیصد ٹیکس میں نمایاں کمی کا اعلان ہم ایک ساتھ خوشی سے رہیں گے، مثالی کام کرینگے: امریکی صدر

24 اپریل ، 2025

بیجنگ،نیویارک(ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ٹرمپ نے چین کے ساتھ ٹیرف جنگ میں گھٹنے ٹیک دیئے، چین سے درآمد کی جانے والی اشیاء پرعائد 145فیصد ٹیرف کو "نمایاں طور پر کم" کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم ایک ساتھ خوشی سے رہیں گے،مثالی کام کریں گے۔چین کا کہنا ہے کہ امریکہ کے ساتھ بات چیت کیلئے دروازہ پوری طرح کھلا ہے،تجارتی جنگوں میں کوئی فاتح نہیں ہوتا،ہم لڑنا نہیں چاہتے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اپنی جارحانہ ٹیرف جنگ میں نمایاں کمی کا یہ اعلان ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں ایک نیوز کانفرنس کے دوران کیا۔تاہم ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح کیاکہ چین پر عائدٹیرف کو مکمل طور پر ختم نہیں کیاجائےگا۔یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ا مریکی وزیر خزانہ نے ٹیرف کو "ناقابلِ برداشت" قرار دیتےہوئےدونوں ممالک کے درمیان تجارتی کشیدگی میں کمی کی پیش گوئی کی۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اگرچہ نرم رویہ اختیار کیا لیکن مکمل پسپائی سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ہم چین کے ساتھ ٹھیک چل رہے ہیں، ٹیرف اتنے زیادہ نہیں ہوں گے۔ڈونلڈ ٹرمپ نےچین کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو بہتر رکھنے کی خواہش بھی ظاہر کی اور چینی صدر شی جن پنگ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایک ساتھ خوشی سے رہیں گے اور مثالی طور پر کام بھی کریں گے۔چینی میڈیا نے ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسی میں اس تبدیلی کو عوامی دباؤکے باعث اپنی گرتی ہوئی مقبولیت کو بحال کرنے کی کوشش قرار دیا۔چین کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ٹرمپ کے ان بیانات کو "ٹرمپ نے شکست تسلیم کرلی" جیسے ہیش ٹیگز کے ساتھ پیش کیا جا رہا ہے۔