وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی مستونگ میں لیویز اہلکاروں پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت

24 اپریل ، 2025

کوئٹہ(خ ن)وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے مستونگ میں پولیو ٹیم کی سیکورٹی پر مامورلیویز اہلکاروں پر فائرنگ  کے افسوسناک واقعے کی مذمت کرتے ہوئے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ لیویز اہلکاروں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر نہ صرف اپنی ذمہ داری نبھائی بلکہ پولیو ٹیم کی حفاظت کو یقینی بنایا جو قابل تحسین اور قوم کے لئے فخر کا باعث ہے۔ وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ دہشت گرد کسی رعایت کے مستحق نہیں، اور ان کے سہولت کاروں کو بھی کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا ہر واقعہ امن کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ہے، جسے ناکام بنایا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبائی حکومت پولیو کے خلاف مہم کو ہر قیمت پر کامیاب بنائے گی اور اس میں کسی قسم کی رکاوٹ یا مداخلت کو قطعی برداشت نہیں کیا جائے گا۔