چین کا امریکا پر یورپ کیساتھ خلائی تعاون میں رکاوٹ ڈالنے کا الزام

24 اپریل ، 2025

کراچی(نیوز ڈیسک )چین کے قمری تحقیقی پروگرام کے چیف ڈیزائنر نے امریکا پر بیجنگ کی یورپ اور دیگر غیر ملکی شراکت داروں کے ساتھ خلائی پروگراموں میں تعاون کی کوششوں میں مداخلت کرنے کا الزام لگادیا۔ ان کا کہنا ہے کہ ہماری رفتار بہت اچھی ہے لیکن امریکی مداخلت کے باعث شراکت دار بہت کم ہیں۔وو ویرن نے غیر ملکی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں بتایا کہ امریکا کے برعکس چین کھلی خلائی سفارت کاری کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اوریہ ترقی پذیر و ترقی یافتہ ممالک کے ساتھ چاند پر تحقیق میں تعاون کے لئے کھلا ہے۔ بین الاقوامی قمری تحقیقی اسٹیشن (آئی ایل آر ایس) جو 2035 تک چاند پر مستقل اڈہ قائم کرنے کیلئے روس اور چین کی قیادت میں ایک کوشش ہے اچھی رفتار سے ترقی کر رہا ہے اور 17ممالک و بین الاقوامی تنظیمیں پہلے ہی ممبران کے طور پر دستخط کر چکے ہیں۔