پاکستانی جواب آج، شہباز شریف نے قومی سلامتی کمیٹی اجلاس بلالیا، ترکی بہ ترکی جواب دینگے، اسحاق ڈار

24 اپریل ، 2025

اسلام آ باد (نمائندہ جنگ /ٹی وی رپورٹ) وزیر اعظم شہباز شریف نے بھارتی حکومت کے اقدامات کا جائزہ لینے اور جوابی حکمت عملی طے کرنے کیلئے قومی سلامتی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس آج طلب کرلیا ہےجبکہ نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کا کہنا ہےکہ اگر ان کے پاس ثبوت ہے تو سامنے لائیں‘بھارت کے ہر اقدام کا ترکی بہ ترکی جواب دیا جائے گا‘وزیردفاع خواجہ آصف نے کہاہے کہ بھارت نے جارحیت کی تو منہ توڑجواب دینے کی پوزیشن میں ہیں جیسے انہیںابھی نندن کے وقت جواب دیا تھا۔جیونیوزکے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ ‘‘میں میزبان سے گفتگو کرتے ہوئے وزیردفاع خواجہ آصف کا کہناتھاکہ ہم بھارتی اقدامات پر فوری رسپانس دینا نہیں چاہتے کیوں کہ یہ مناسب نہیں ہوگا۔سوچ سمجھ کر رسپانس دینے چاہیے‘انڈیا سندھ طاس معاہدہ ختم کرنے کے لیے بارہ پندرہ سال سے پر تول رہا تھا‘ باقی جو ایشوز اٹھائے ہیں وہ یقیناً آج قومی سلامتی کمیٹی میں زیرغورآئیں گے اور اس کا جامع رسپانس حکومت کے طرف سے آئے گا‘ جہاں تک میرا خیال ہے ہندوستان یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدے سے نکل نہیں سکتا۔اس وقت بھی جو دہشت گردی پختونخوا ، بلوچستان میں ہے اس کو کون اسپانسر کر رہا ہے اس کو بتانے کی ضرورت نہیں ہے۔اگر ہندوستان میں بھی دہشت گردی ہوگی تو اس کو پورے خلوص سے مذمت کریں گے لیکن اگر ہمارے خلاف اس طرح کے اقدامات ہوں گے تو ہمیں حق پہنچتا ہے کہ ہم بھی عالمی قوانین کے مطابق اس پر ردِ عمل کا اختیار رکھتے ہیں اور اختیار کریں گے۔ہم صورت حال کو ڈفیوز کرنا چاہتے ہیں لیکن بھارت نے جارحیت کی تو جواب دینے کی پوزیشن میں ہیں‘ہمارے اندرونی اختلافات ہو سکتے ہیں لیکن جب پاکستانیت کی بات ہو گی تو پچیس کروڑ پاکستانی سبز ہلالی پرچم کے نیچے کھڑے ہوں گے۔