افغان مہاجرین واپسی کی مدت میں توسیع کی جائے، کے پی اسمبلی میں قرارداد

24 اپریل ، 2025

پشاور(اسٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوااسمبلی نے افغانستان کیساتھ براہ راست و بامعنی مذاکرات کیلئے صوبائی حکومت کوبا اختیاربنانے اور افغان مہاجرین کی وطن واپسی کیلئے مقررہ تاریخ میں توسیع دینے اور فلسطینی عوام کیساتھ اظہاریکجہتی سمیت پانچ قرار دادوں کی متفقہ طور پرمنظوری دیدی۔شرافت اللہ نے کہا کہ حکومت پاکستان کی افغان سے متعلق پالیسی موثرثابت نہیں ہوسکی،KPحکومت کو مذاکرات کا اختیار دینے اور فلسطینی عوام کیساتھ اظہار یکجہتی ،بدھ کے روز اسمبلی اجلاس کے دوران حکومتی رکن شرافت اللہ نے قراردادپیش کی جس کے متن کے مطابق صوبہ خیبرپختونخواگزشتہ کئی دہائیوں سے دہشت گردی کاشکار رہاہے اس دوران پولیس اور صوبے کے عوام نے جانوں کے نذرانہ پیش کئے ہیں دہشت گردی سے عوام کے جان ومال کو خطرے میں ڈالاجارہاہے اس ضمن میں حکومت پاکستان کی افغان سے متعلق پالیسی موثرثابت نہیں ہوسکی بلکہ اس کے نتیجے میں نہ صرف دہشتگردی میں اضافہ ہوا ہے بلکہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان تعلقات میں بگاڑپیداہوا ہے، لہذایہ اسمبلی وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ افغانستان سے متعلق موجودہ پالیسی پر نظرثانی کی جائے اور اسے فوری تبدیل کیاجائے نیزیہ سفارش بھی کی جاتی ہے کہ وفاقی حکومت صوبائی حکومت کو بااختیار بنائے کہ وہ افغانستان کے ساتھ براہ راست اوربامعنی مذاکرات کے ذریعے تمام مسائل کے پائیدار حل کیلئے موثرکرداراداکرے تاکہ خطے میں دیرپاامن اورخوشحالی کویقینی بنایاجاسکے۔