علاقائی راہداریوں، تجارتی روابط اور تعاون کو فروغ دینا وقت کی ضرورت، وزیر خزانہ

24 اپریل ، 2025

اسلام آباد(کامرس رپور ٹر ) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے جغرافیائی سیاسی صورتحال، تجارتی تقسیم اور تحفظ پسندی جیسے عالمی اقتصادی چیلنجز کے تناظر میں اصلاحات کے تسلسل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ علاقائی راہداریوں، تجارتی روابط اور تعاون کو فروغ دینا وقت کی ضرورت ،سینیٹر محمد اورنگزیب نے جی24وزرائے خزانہ و مرکزی بینک گورنرز کے اجلاس میں شرکت کی ،عالمی بنک کے نائب صدر و دیگر سے ملاقاتیں کیں جبکہ سعودی فنڈ برائے ترقی کے سی ای او سے آئل سہولت کے تحت فنڈز کی فوری فراہمی، این ۔25منصوبے کیلئے مالی معاونت کی درخواست کی۔انہوں نے آئی ایم ایف کی زیرِ صدارت ’’درمیانی مدت میں ریونیو موبلائزیشن‘‘ کے موضوع پر منعقدہ ایک مذاکرے میں زراعت، ریئل اسٹیٹ اور ریٹیل جیسے شعبوں سے جی ڈی پی کے تناسب سے محصولات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی حکمت عملی بیان کی۔وزیر خزانہ نے معروف امریکی تھینک ٹینک اٹلانٹک کونسل کے جیو اکنامکس سینٹر میں فائر سائیڈ چیٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے’’2025 اور اس کے بعد پاکستانی معیشت کے چیلنجز اور مواقع ‘‘پر اظہار خیال کیا۔ امریکا کے ساتھ تجارتی تعلقات کی بہتری کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئےوزیر خزانہ نے کہا کہ جلد ہی ایک اعلیٰ سطح پاکستانی وفد امریکا کا دورہ کرے گا تاکہ تجارتی عدم توازن جیسے مسائل پر تعمیری روابط قائم کیے جا سکیں، موڈیز کی کمرشل ٹیم سے علیحدہ ملاقات میں وزیر خزانہ نے مالیاتی اور کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس، کم ہوتی ہوئی مہنگائی، مستحکم ایکسچینج ریٹ، اور زرمبادلہ کے ذخائر پر روشنی ڈالی۔