امریکی صدرمسئلہ کشمیر کی تاریخ سے نابلدمسئلہ ڈیڑھ ہزار سال پرانا قراد دیدیا

26 اپریل ، 2025

کراچی(رپورٹ:نسیم حیدر)امریکا کے صدر پاکستان اوربھارت کےدرمیان جاری تاریخی کشیدگی اور مسئلہ کشمیر کی تاریخ سے نابلد نکلے۔ ائرفورس ون میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر ڈیڑھ ہزار سال پرانا قرار دیدیا۔ ۔صدر ٹرمپ سے پوچھا گیا تھا کہ کشمیر میں حملے کے بعد سے بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی ہے تو کیا آپ ان ممالک کو کوئی پیغام دیں گے یا ان ممالک کے رہ نماوں سے بات کریں گے؟۔بات کرتے ہوئے صدرٹرمپ تاریخ میں گڑبڑ کر گئے، پاکستان اوربھارت کے حوالے سے دعوی کیا کہ دونوں ملک کشمیر پر ایک ہزار سال سے لڑ رہے ہیں۔ کشمیر کا مسئلہ ایک ہزار سال سے چل رہا ہے شاید اس سے بھی زیادہ عرصے سےچل رہا ہے اور یہ بری صورتحال ہے۔ طیارے میں موجود صحافیوں میں سے کسی نے غلطی درست نہیں کی کہ مسئلہ کشمیر انیس سو سنتالیس میں غلط تقسیم ہند کے نتیجے میں پیدا ہوا تھا،ڈیڑھ ہزار سال پہلے نہیں۔ صحافی نےصدر ٹرمپ سے پوچھا کہ آیا آپ کو تشویش ہے کہ دونوں ملکوں کی سرحدوں پر تناو ہے جس پر صدر ٹرمپ نے پھر کہا کہ اُس سرحد پر پندرہ سو سال سے کشیدگی ہے۔ مگر وہ کسی نہ کسی طرح سے مسئلہ کا حل نکال لیں گے۔مجھے اس بارے میں یقین ہے۔