حالیہ اقدامات سے بھارت اندرونی و عالمی سطح پر تنہا ہوگا ،بلاول بھٹو

26 اپریل ، 2025

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے چیئر مین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ حالیہ اقدامات سے بھارت اندرونی اور بین الاقوامی طور پر تنہا ہوگا ،بھارت دہشتگردی ختم کرنا چاہتا پاکستان سے مذاکرات کرتا. وفاقی حکومت نے نہروں کے معاملے پر نہایت ہی مناسب فیصلہ لیا،سابق سفیر حسین حقانی نے کہا کہ باقی دنیا کا رویہ ہے کہ تم لوگوں کو ہر دو چار سال بعد اس طرح کا دورہ پڑتا ہے اور ہم کو سنبھالنے کے لیے آنا پڑتا ہے۔ ٹرمپ دوسرے ممالک کے معاملات میں امریکہ کے کردار کو کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں وہ خاص طور پر اس میں دلچسپی نہیں رکھتے۔ مجھے ایسا ہوتا نظر نہیں آرہا کہ امریکہ دونوں ممالک کو فون کرے اور کہے بھائی ٹھنڈے ہوجاؤ اگر ایسا ہوا تو کسی تیسرے فریق کو ڈھونڈنا پڑے گا جیسے ترکی، سعودی عرب وغیرہ وغیرہ جس کے دونوں سے اچھے تعلقات ہیں،میزبان شاہزیب خانزادہ نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ پہلگام واقعے پر امریکا نے بھارت کے ساتھ کھڑے ہونے کا اپنا موقف دہرایا اور مقبوضہ کشمیر پر پوزیشن لینے سے گریز کیا۔