ماہر تعلیم نے 2019ء میں بتا دیا تھا، بھارت سندھ طاس معاہدہ منسوخ کریگا

26 اپریل ، 2025

اسلام آباد (عمر چیمہ) ’’نوشتۂ دیوار اُن کیلئے ہوتا ہے جو اسے پڑھنا چاہتے ہیں۔‘‘ جمعرات کو رات دیر سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر یہ بیان شیئر کیا اور ساتھ میں پانچ سال قبل کی ایک پیشگوئی بھی شیئر کی جس میں بھارتی فالس فلیگ آپریشن کی پیشگوئی کی گئی تھی۔ پوسٹ میں خبردار کیا گیا تھا کہ بھارت سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کے بہانے اندرونی سلامتی کے بحران کا فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ یہ وہی صورتحال ہے جو اب کھل کر سامنے آئی ہے۔ یہ پیشگوئی کسی عام آدمی نہیں بلکہ قائداعظم یونیورسٹی میں سیاسیات اور بین الاقوامی تعلقات کے ایک ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر راجہ قیصر احمد کی تھی جنہوں نے 6؍ نومبر 2019ء کو فیس بک پر انتباہی پوسٹ شیئر کی تھی۔ ڈاکٹر قیصر کا کہنا تھا کہ آرٹیکل 370؍ منسوخ کرنے کیے جانے کے بعد، مجھے لگتا ہے کہ مودی کی زیر قیادت حکومت اگلا قدم سندھ طاس معاہدے کی منسوخی کا کرے گی، جس کے پاکستان پر غیر معمولی اثرات مرتب ہوں گے۔ان کا کہنا تھا کہ آرٹیکل 370؍ کی تنسیخ پر شملہ معاہدہ منسوخ کرنیکا مشورہ دیا تھا، ایسا نہ کرنا پاکستان کا بزدلانہ اقدام تھا۔