درخشاں اسکیم میں سی ٹی ڈی کا ٹارگٹڈ آپریشن، 2 دہشتگرد ہلاک، چاغی سے دو دہشتگرد گرفتار

29 اپریل ، 2025

کوئٹہ/نوکنڈی (اسٹاف رپورٹر/نامہ نگار) سی ٹی ڈی نے کوئٹہ میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا درخشاں میں ٹارگٹڈ آپریشن فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم کا ایک دہشت گرد مارا گیا دوسرے نے خو د کو اڑا لیا ۔خود کش جیکٹ ٗ بھاری تعداد میں اسلحہ ٗ دستی بم ٗ دھماکہ خیز مواد قبضے میں لے لیا مارے جانے والے دہشت گرد شہریوںکی ٹارگٹ کلنگ ٗ سیکورٹی فورسز پر حملوں سمیت متعدد دہشت گردی کے واقعات میں ملوث تھے سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق قانون نافذ کر نے والے اداروں کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ کالعدم تنظیم کے دہشت گردوں نےکوئٹہ میں دہشت گردی کا منصوبہ بنایا ہے اس مقصد کیلئے دہشت گرد درخشاں میں موجود ہے اور کوئٹہ آنے کی کوشش کر رہے ہیں جس پر سی ٹی ڈی کے ہمراہ گزشتہ روز درخشاں میں ٹارگٹڈ آپریشن کیا دہشت گردوں نے سی ٹی ڈی ٹیم کو دیکھتے ہی شدید فائرنگ شروع کر دی تاہم ٹیم نے بھی جوابی فائرنگ کی فائرنگ کا تبادلہ ایک گھنٹے تک جاری رہا فائرنگ کےنتیجے میں ایک دہشت گرد ہلاک ہو گیا جبکہ دوسرے دہشت گرد نے جو خود کش جیکٹ پہن رکھی تھی نے اپنے آپ کو اڑا لیا سی ٹی ڈی نے دہشت گردوں کے ٹھکانے سے ایک خود کش جیکٹ ٗ بھاری تعداد میں اسلحہ ٗ دستی بم اور دھماکہ خیز مواد قبضے میں لے لیا ذرائع نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے دہشت گرد شہریوں کی ٹارگٹڈ کلنگ ٗ سیکورٹی فورسز اور پولیس پر حملوں سمیت دہشت گردی کے کئی واقعات میں ملوث تھے ۔ درایں اثناء نوکنڈی سے نامہ نگار کے مطابق چاغی پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردی اور اغوا برائے تاوان کی بڑی سازش کو ناکام بنا دیا۔ فیصل کالونی کے قریب پولیس موبائل ٹیم نے ایک مشتبہ گاڑی کو دیکھا جس میں مسلح افراد سوار تھےپولیس کو دیکھتے ہی گاڑی میں موجود مشتبہ افراد نے فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس نے فوری طور پر حکمت عملی کے تحت جوابی فائرنگ کرتے ہوئے گاڑی کا تعاقب شروع کیا، جو این ایل سی ایریا، دالبندین تک جاری رہا۔ فائرنگ کے تبادلے کے بعد پولیس نے ایک دہشت گرد کو بھاری اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا۔ علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کیا گیا، جس کے نتیجے میں ایک اور مشتبہ دہشت گرد کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔ابتدائی تفتیش میں گرفتار ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ علاقے میں دہشت گردی اور اغوا برائے تاوان کی بڑی کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔چاغی پولیس کا سرچ آپریشن تیسرے مطلوب دہشت گرد کی گرفتاری کے لیے بدستور جاری ہے ۔