اسلام آباد (خالد مصطفیٰ) آئندہ پندرہ روز کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رہنے کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق یکم مئی 2025 سے آئندہ پندرہ روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تبدیلی کا امکان نہیں ہے، کیونکہ صنعتی اور سرکاری تخمینوں کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر صرف 0.016 روپے کمی اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر محض 0.01 روپے اضافہ متوقع ہے۔ سرکاری ذرائع نے اس نمائندے کو بتایا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں معمولی اتار چڑھاؤ کا بوجھ ممکنہ طور پر صارفین پر نہیں ڈالا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق برینٹ کروڈ آئل کی قیمت 65.52 ڈالر فی بیرل جبکہ ڈبلیو ٹی آئی کروڈ آئل کی قیمت 61.87ڈالر فی بیرل پر برقرار رہی، جس کی بڑی وجہ مارکیٹ میں فراہمی زیادہ ہونے کی توقعات اور امریکا اور چین کے درمیان ٹیرف مذاکرات کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال ہے۔ تاہم، مٹی کے تیل (کیروسین) کی قیمت میں 0.8 فیصد (یعنی 1.30 روپے) فی لیٹر اضافے کا امکان ہے، جس کے بعد اس کی قیمت موجودہ 169.38 روپے فی لیٹر سے بڑھ کر 170.68 روپے فی لیٹر ہو جائے گی۔ ایل ڈی او (لائٹ ڈیزل آئل) کی قیمت میں 1.35 روپے کا اضافہ ہو سکتا ہے، جس کے بعد اس کی قیمت 153.04 روپے فی لیٹر سے بڑھ کر 154.39 روپے فی لیٹر ہو جائے گی۔