اسپین، پرتگال، فرانس میں بلیک آؤٹ،لاکھوں افراد متاثر

29 اپریل ، 2025

میڈرڈ (اے ایف پی)گرڈ آپریٹرز نے بتایا کہ گزشتہ روز اسپین، پرتگال اور جنوبی فرانس کے کچھ حصے تاریکی میں ڈوب گئے،بڑے پیمانے پربلیک آؤٹ سے لاکھوں افراد متاثر ہوئے۔ تاہم، فوری طور پر بجلی کی بندش کی وجہ نہیں بتائی گئی۔اسپین کے ریلوے آپریٹر عدیف نے کہا کہ بجلی بند ہونے سے ملک بھرمیں ٹرینیں رک گئیں، جبکہ ہوائی اڈے آپریٹر اینا نے کہا کہ ہسپانوی ہوائی اڈوں پر متعدد واقعات پیش آئے۔ میڈرڈ اور بارسلونا میں موبائل فون نیٹ ورک بند ہو گئے، لوگ نیٹ ورک سے منسلک ہونے کیلئے اپنے موبائل فون ہاتھوں میں لیے سڑکوں پر نکل آئے۔بہت سے لوگوں کو صورتحال پر خبریں حاصل کرنے کے لیے ریڈیو کا استعمال کرنا پڑا۔کئی ٹریفک لائٹس نے کام کرنا چھوڑ دیا تھا، جس سے گاڑیوں کو تصادم سے بچنے کے لیے رفتار کم کرنا پڑی، جبکہ میٹرو اور ٹرینیں روک دی گئیں۔ اسپین کی نیشنل روڈ اتھارٹی ڈی جی ٹی نے گاڑی چلانے والوں پر زور دیا کہ وہ سڑکوں کا استعمال بند کر دیں۔وزیراعظم کے دفتر نے بتایا کہ ہنگامی صورتحال پر بریفنگ کیلئے ہسپانوی وزیر اعظم پیڈرو سانچیز ریاستی بجلی کے نیٹ ورک آپریٹر ریڈ الیکٹریکا کے ہیڈ کوارٹر جا رہے ہیں ۔پرتگال کے رین آپریٹر کا کہنا تھا کہ پورا آئبیریائی جزیرہ اور فرانس کا کچھ حصہ اس بلیک آؤٹ سے متاثر ہوا ہے۔صبح 11بج کر33منٹ پر بلیک آؤٹ ہوا۔