بلوچستان ہائیکورٹ :ماہرنگ سمیت 3ایم پی او کے تحت گرفتار کارکنوں کی رہائی کا حکم

29 اپریل ، 2025

کوئٹہ (آن لائن) ماہرنگ بلوچ، بیبو بلوچ، ماما غفار اور 92سے زائد کارکنوں کی 3ایم پی او کے تحت گرفتاری کے کیس میں ساجد ترین ایڈووکیٹ کے دلائل کے بعد عدالت عالیہ نے حکومت بلوچستان کو3ایم پی او کے تحت گرفتار سیاسی کارکنوں کو آج رہا کرنے اور عدالت میں رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس اعجاز سواتی اور جسٹس عامر رانا پر مشتمل بنچ نے آج ماہرنگ بلوچ، بیبو بلوچ، ماما غفار اور 92 سے زائد byc، بی این پی اور نیشنل پارٹی کارکنوں کا کیس میں حکومت بلوچستان کو اس پٹیشن میں مذکور سیاسی کارکنوں کو آج رہا کرنے اور کل تک رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا جس کے بعد کیس کی سماعت منگل تک ملتوی کر دی گئی۔پٹیشن بی این پی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات آغا حسن بلوچ نے دائر کی تھی۔ اس موقع پر وائس چیئرمین بار کونسل راہب بلیدی ایڈووکیٹ سابق سیشن جج ظریف بلوچ ،چنگیز بلوچ ایڈووکیٹ، نادیہ بلوچ ایڈووکیٹ اور دیگر بھی موجود تھے۔ساجد ترین ایڈووکیٹ نے اس موقع پر کہا کہ بلوچستان کی بیٹیوں اور سینکڑوں سیاسی کارکنوں کو 3 ایم پی او کے تحت غیر قانونی طور پر جیلوں میں بند ہیں ، اگر عدالتیں انصاف نہیں کرتیں ، بلوچستان کے عوام کے پاس اور کیا آپشن بچا ہے ساجد ترین ایڈووکیٹ نے کہا کہ ہم مشکل کی اس گھڑی میں بلوچستان کی بیٹیوں اور عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔