دہشت گردی کیخلاف بڑی کامیابی

اداریہ
29 اپریل ، 2025

پاکستان میں بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کی کارروائیاں ناکام بنانے میں پاک فوج کے افسر اور جوان اللہ کے فضل سے مسلسل جو کامیابیاں حاصل کررہے ہیں، ہفتے اور اتوار کی درمیانی رات ان میں ایک شاندار اضافہ حسن خیل میں پاک افغان سرحد سے خوارج دہشت گردوں کے ایک بڑے گروپ کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے54خوارج کی ہلاکت کی شکل میں ہوا ۔ کسی ایک کارروائی میں دہشت گردوں کی ہلاکت کی یہ سب سے بڑی تعداد ہے جس پر ہماری سیکوریٹی فورسز پوری قوم کی طرف سے بجا طور پر مبارکباد کی حق دار ہیں۔ آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق ہلاک شدگان کے پاس سے اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد کا ایک بڑا ذخیرہ بھی برآمد ہوا ہے۔ اطلاعات کے مطابق خوارج کا یہ گروپ اپنے غیر ملکی آقاؤں کی ایما پر پاکستان کے اندر ہائی پروفائل دہشت گردانہ کارروائیاں کرنے کیلئے دراندازی کی کوشش کر رہا تھا جسے تین طرف سے گھیر کر مارا گیا۔ ایسے وقت میں جب بھارت پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگا رہا ہے دہشت گردوں کو یہ نقل و حرکت ظاہر کرتی ہے کہ فتنہ الخوارج کس کے اشارے پر کام کر رہا ہے۔ اس تناظر میں یہ رائے بالکل درست نظر آتی ہے کہ پاکستان کیخلاف بھارت کی حالیہ جارحانہ مہم جوئی کا مقصد پاک فوج کی توجہ دہشت گردی کیخلاف جنگ سے ہٹانا ہے تاکہ فتنہ الخوارج کو ازسرنو منظم ہونے کاموقع دیا جاسکے ۔ہلاک ہونیوالے دہشت گردوں کی تصاویر بھی جاری کردی گئی ہیں جو اس بات کا یقینی ثبوت ہے کہ افغان سرزمین سے پاکستان میں دہشت گردی کی کوششیں جاری ہیں۔ وزیر خارجہ کے حالیہ دورۂ کابل میں افغان حکومت نے اپنی سرزمین کسی بھی ملک میں دہشت گردی کیلئے استعمال نہ ہونے دینے کی یقین دہانی کرائی تھی لہٰذا ضروری ہے کہ دراندازی کی اس تازہ کوشش پر کابل سے وضاحت اور آئندہ ایسی کارروائی نہ ہونے کی ٹھوس ضمانت طلب کی جائے۔