زیارت اور تربت میں ٹارگٹڈ آپریشن،10 دہشتگرد ہلاک اسلحہ و گولہ بارود برآمد

30 اپریل ، 2025

کوئٹہ،اسلام آباد(نمائندہ جنگ،نامہ نگار خصوصی،نیوز رپورٹر،نمائندہ خصوصی)سکیورٹی فورسز کا زیارت کے علاقے چو تیر اورتربت میں ٹارگٹڈ آپریشن، فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم کے 10 دہشتگرد ہلاک، اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا گیا ، سکیورٹی ذرائع کے مطابق تربت میں 3 اور زیارت کے علاقے چوتیر میں 7دہشتگرد مارے گئے، سکیورٹی ذرائع نے بتایا قانو ن نافذ کرنیوالے اداروں کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ کالعدم تنظیم کے دہشتگرد تربت میں موجود ہیں جس پر فورسز نے ٹارگٹڈ آپریشن کیا ، دہشتگردوں نے فورسز پر فائرنگ شروع کر دی تاہم سیکورٹی فورسز نے جرات اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں تین دہشتگرد ہلاک ہو گئے، سیکورٹی فورسز نے بھاری تعداد میں اسلحہ ،گولہ بارود قبضے میں لے لیا، آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع کیچ کے علاقے تربت میں فورسز نے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا جس کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں تین دہشتگرد ہلاک ہوگئے ہلاک دہشتگرد قانون نافذ کرنیوالے اداروں اور معصوم شہریوں پر متعدد دہشتگردی کی کاروائیوں میں ملوث تھے، ایک اور واقعے میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو اطلاع ملی تھی کہ کالعدم تنظیم کے دہشتگرد زیارت کے علاقے چوتیر میں موجود ہیں اور دہشتگردی کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں جس پرفورسز کے ہمراہ گزشتہ شب چوتیر میں ٹارگٹڈ آپریشن کیا دہشتگردوں نے فورسز کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی اور دستی بم حملے کئے تاہم فورسز نے جوابی کارروائی کی فائرنگ کا تبادلے دو گھنٹے تک جاری رہا جس کے نتیجے میں سات دہشتگرد ہلاک ہو گئے ،دہشتگرد کان کنوں کو شہید کرنے سمیت دیگر دہشتگردی کی وارداتوں میں ملوث تھے ۔ وزیراعظم شہباز شریف نے دہشتگردوں کیخلاف کامیاب کارروائی پر فورسز کے افسران و اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا ہے کہ د ہشتگردی کے ناسور کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کیخلاف جنگ جاری رکھیں گے دہشتگرد بلوچستان کے امن اور اسکے لوگوں کی ترقی کے دشمن ہیں حکومت بلوچستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کا سفر یونہی برقرار رکھے گی ،ارض وطن کی حفاظت کے غیر متزلزل عزم میں پوری قوم بہادرفورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن پر فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔