بشریٰ بی بی کو جیل میں سہولیات ، الگ کشادہ کمرہ میسر ،سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل

30 اپریل ، 2025

اسلام آباد (خبر نگار) سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں داخل کرائی گئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ احتساب عدالت سے سزا یافتہ قیدی بشریٰ بی بی کو جیل میں سہولیات میسر ہیں، انہیں جیل میں الگ کشادہ کمرے میں رکھا گیا ہے جہاں چہل قدمی کی بھی گنجائش ہے، اہل خانہ، دوستوں اور وکلا سے بغیر کسی رکاوٹ ملاقات کرائی جا رہی ہے۔ عدالت نے رپورٹ کی نقل درخواست گزار وکیل کو فراہم کرنے کی ہدایت کرتے آئندہ سماعت پر موقف طلب کر لیا جسٹس انعام امین منہاس نے بشریٰ بی بی کی ا درخواست کی سماعت کی ،ایڈووکیٹ جنرل آفس نے اڈیالہ جیل سپرنٹنڈنٹ کی رپورٹ عدالت پیش کی جس میں بتایاگیا کہ بشریٰ بی بی کی اہل خانہ، دوستوں اور وکلا سے بغیر کسی رکاوٹ ملاقات کرائی جا رہی ہے، انہیں جیل میں الگ کشادہ کمرے میں رکھا گیا ہے جہاں چہل قدمی کی بھی گنجائش ہے، خاتون میڈیکل ایگزامنر دن میں دو مرتبہ بشریٰ بی بی کا طبی معائنہ کرتی ہے، بشریٰ بی بی کو میٹرس، کرسی، ٹیبل اور کتابوں کی الماری بھی فراہم کی گئی ہیں جبکہ کمرے میں لائٹ اور پنکھا موجود ہے۔ بہتر سہولیات کے لئےملزمان ہوم ڈیپارٹمنٹ حکومت پنجاب کے ذریعے بہتر سہولیات حاصل کرسکتے ہیں۔