نوجوان اپنی تعلیم اور فنی تربیت پر توجہ دیں ،رانا مشہود خان

30 اپریل ، 2025

اسلام آباد ( نیوز رپورٹر)وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ وفاقی حکومت پاکستان کے تمام نوجوانوں کو روزگار، تعلیم، اسکالرشپس، لیپ ٹاپس وغیرہ کے جامع مواقع فراہم کر رہی ہے تاکہ ملک کو اقتصادی طور پر خوشحال بنایا جا سکے۔منگل کو یہاں یونیورسٹی آف چترال میں طلبہ اور فیکلٹی سے خطاب کرتے ہوئے رانا مشہود نے کہا کہ پاکستانی نوجوانوں میں قومی اور بین الاقوامی سطح پر ملازمتوں کے مقابلے کے لیے تمام صلاحیتیں موجود ہیں،انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی تعلیم اور فنی تربیت پر توجہ دیں۔انہوں نے کہا کہ دینی مدارس کے طلبہ اور سڑکوں پر زندگی گزارنے والے بچوں کو بھی وزیراعظم یوتھ پروگرام سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دی جا رہی ہے۔رانا مشہود نے کہا کہ چند عرب ممالک جیسے عراق، شام اور لیبیا آج اقتصادی زوال اور نوجوانوں پر سرمایہ کاری نہ کرنے کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستانی نوجوانوں پر بڑی سرمایہ کاری کر رہی ہے کیونکہ یہی نوجوان مستقبل میں ملک کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔