سینٹ ،حیاتیاتی اور مہلک ہتھیاروں کی روک تھام کے کنونشن پر عملدرآمد کا بل منظور

30 اپریل ، 2025

اسلام آباد( خصو صی نمائندہ) سینٹ نے حیاتیاتی اور مہلک ہتھیاروں کی روک تھام کے کنونشن پر عملدرآمد بل 2025ءاور قومی کمیشن برائے اقلیتی حقوق کے قیام کے حوالے سے بل متفقہ طو رپر منظور کر لیے،بل وفاقی وزیر قانون و پارلیمانی امور سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے پیش کئے ۔منگل کے روز سینیٹ اجلا س کے دوران سینیٹر عرفان الحق صدیقی نے بیالوجی ویپن کنونشن کے حوالے سے کمیٹی کی رپورٹ پیش کی ،سینیٹر ثمینہ ممتار زہری چیئرپرسن فنکشنل کمیٹی برائے انسانی حقوق نے نیشنل کمیشن برائے اقلیتی حقوق بل پر کمیٹی کی رپورٹ پیش کی، اس موقع پر اپوزیشن لیڈر سینیٹر شبلی فراز نے کہاکہ اس بل کے حوالے سے ایوان کو آگاہ کیا جائے کہ اس کی ضرورت کیوں پڑی ہے جس پر وفاقی وزیر نے کہاکہ پاکستان بین الاقوامی کنونشن کا حصہ دار ہے جس کا کہنا ہے کہ کسی قسم کے حیاتیاتی ہتھیاروں کا استعمال نہیں کرنا اور اس حوالے سے سزائوں کاذکر کیا گیا ہے، اس موقع پر بل پر ڈپٹی چیرمین سینیٹ نے ارکان سے شق وار رائے لینے کے بعد کثرت رائے سے منظور کر لیا۔